اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت دہشت گردی کا جھوٹا ناٹک رچانا چاہتا ہے۔ بھارتی میڈیا 100 کے لگ بھگ دہشت گرد داخل ہونے کا جھوٹا پروپیگنڈا کر رہا ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت آج مقبوضہ کشمیر میں عوامی احتجاج کو طاقت سے روکنے کی کوشش کرے گا اور احتجاج کے دوران خون خرابے کا خدشہ ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کا کوئی واقعہ ہوا تو بھارت پاکستان پر انگلیاں اٹھا سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں عوام کو اشیائے خورونوش اور دواؤں تک رسائی نہیں اور دنیا کو اپنے خدشات سے آگاہ کر دیا۔ دنیا اس صورتحال پر خاموش نہیں رہ سکتی۔
خیال رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے غیر معینہ مدت تک کے لیے کرفیو نافذ کر رکھا ہے۔ مقبوضہ وادی میں لاکھوں کی تعداد میں بھارتی فوجی تعینات اور حریت اور سیاسی قیادت گھروں میں نظر بند یا جیلوں میں قید ہے۔
پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جانے کا اعلان کر رکھا ہے جب کہ اقوام متحدہ اور امریکا سمیت کئی ممالک مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔