فینکس: امریکی ریاست ایریزونا میں امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف مظاہرے پر پولیس کی شیلنگ کی وجہ سے سڑکیں میدان جنگ بن گئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین کو روکنے کے لئے پولیس بھی میدان میں آئی اور اندھا دھند آنسو گیس کی شیلنگ شروع کردی جس کے بعد سڑکیں میدان جنگ بن گئیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فینکس کے ایک کانفرنس ہال میں اپنے حمایتیوں سے خطاب کررہے تھے کہ اسی دوران ہزاروں شہری ریاستی دارالحکومت میں سڑکوں پر نکل آئے اور کانفرنس ہال کے باہر شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور پانی کی بوتلیں اٹھا رکھی تھیں۔
اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حمایتی بھی مظاہرین کے مد مقابل آگئے اور ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی شروع ہوگئی جس کے بعد پولیس کو بیچ بچا کے لئے میدان میں کودنا پڑا۔