لاہور: وزیر داخلہ احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دینے کے لیے وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کی جانب سے تجویز پیش کی گئی تاہم یونیورسٹی کی سنڈیکیٹ نے احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔
وزیر داخلہ احسن اقبال کو یو ای ٹی کی جانب سے پی ای ڈی کی اعزازی ڈگری جاری کرنے کی تجویز وائس چانسلر ڈاکٹر فضل احمد خالد کی جانب سے پیش کی گئی۔
احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کرنے کا معاملہ سنڈیکیٹ میں لایا گیا اور اس پر سنڈیکیٹ کے تمام ممبران نے بحث کی۔ سنڈیکیٹ نے متفقہ طور پر وائس چانسلر کی جانب سے پیش کی جانے والی اس تجویز کو مسترد کر دیا اور احسن اقبال کو پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کرنے کی سخت مخالفت کی۔
سنڈیکیٹ ذرائع نے بتایا ہے کہ ممبران کی جانب سے احسن اقبال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا اور یو ای ٹی کے لیے ان کی کوئی قابل قدر خدمات نہیں ہیں جس کے اعتراف میں انہیں پی ایچ ڈی کی ڈگری جاری کی جائے۔ سنڈیکیٹ کی جانب سے اس تجویز کو مسترد کرنے کے بعد یہ ایجنڈا دوبارہ سنڈیکیٹ میں پیش نہیں کیا جائے گا۔ سنڈیکیٹ کے اجلاس میں اس اعزازی ڈگری پر سب سے زیادہ مخالفت اساتذہ کے منتخب نمائندوں نے کی۔
واضح رہے کہ احسن اقبال یو ای ٹی کے گریجویٹ ہیں اور یو ای ٹی نے اس سے پہلے سابق وائس چانسلر لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم خان کو پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری جاری کی تھی اور یہ ڈگری اُن کی یونیورسٹی میں 17 سالہ بطور وائس چانسلر ادارے کی ترقی میں کردار کے اعتراف میں دی گئی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں