برلن: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن پولیس نے اوزنابرگ شہر میں کارروائی کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے مشابہ ہزاروں نشہ آور گولیاں اپنے قبضہ میں لے لی ہیں۔ پولیس کے مطابق اس کارروائی میں دو آسٹروی باشندوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جو ان نشہ آور گولیوں کو آن لائن فروخت کرنے کا پروگرام بنا رہے تھے۔
خیال رہے کہ ایکٹسی نامی یہ نشہ آور گولیاں بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوتی ہیں اس لیے ان پر دنیا بھر میں پابندی عائد ہے۔ ان گولیوں کو کھانے سے انسان کو ذہن میں وسوسے آتے ہیں، گھبراہٹ محسوس ہوتی ہے اور سر چکراتا ہے۔
طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ ان گولیوں کو کھانے سے ذہنی حالت بگڑنے کے بھی بہت زیادہ چانسز ہوتے ہیں۔ جرمن پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران جن آسٹروی باشندوں سے یہ نشہ آور گولیاں قبضے میں لی گئی ہیں وہ دونوں سگے باپ بیٹا ہیں۔ پولیس نے دونوں افراد سے ہزاروں گولیاں اور بڑی تعداد میں رقم بھی برآمد کر لی ہے۔ ان گولیوں کی فرنٹ سائڈ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر جبکہ اس کے پچھلے حصے پر ان کا نام لکھا ہوا ہے۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں