اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی، واہگہ بارڈر بند کرنے اور سفارتی تعلقات محدود کرنے جیسے جارحانہ اقدامات کے بعد قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں عسکری اور سیاسی قیادت شرکت کرے گی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، ملکی داخلی و خارجی پالیسی اور بھارت کے ممکنہ مزید اقدامات پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کے ساتھ سفارتی عملہ محدود کیا جا رہا ہے، پاکستانی شہریوں کے تمام ویزے منسوخ کر دیے گئے ہیں جبکہ بھارتی دفاعی اتاشی کو بھی پاکستان سے واپس بلا لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی واہگہ-اٹاری بارڈر کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ بھارت میں پہلگام حملے کے بعد سیاسی درجہ حرارت انتہائی بڑھ چکا ہے، تاہم اس حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والی تنظیم کا کوئی حقیقی وجود ثابت نہیں ہو سکا ہے۔