ملتان: پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے تیرہویں میچ میں ملتان سلطانز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ میچ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔
ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ "کل کے میچ کے بعد آج پھر ٹاس جیتا ہے، اور اسی حکمتِ عملی کے تحت بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ہماری کوشش ہوگی کہ آج کے میچ میں بھی ایک اچھا اسکور بورڈ پر لگائیں۔"
دوسری جانب اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے کہا کہ "ہم ٹیم میں سادگی اور استحکام لانے کی کوشش کرتے ہیں، کیونکہ پیچیدگی سے ٹیم پر غیر ضروری دباؤ بڑھتا ہے۔"
انہوں نے مزید کہا کہ "ہماری کوشش ہے کہ ناک آؤٹ مرحلے تک ایک متوازن اور مضبوط الیون تیار کر لیں، تاکہ اہم میچز میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔"
پی ایس ایل 10 میں اس وقت اسلام آباد یونائیٹڈ شاندار فارم میں ہے اور چار میں سے چار میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ہے۔ جب کہ ملتان سلطانز کو اب تک صرف ایک کامیابی نصیب ہوئی ہے، اور وہ نیچے کی پوزیشن پر ہیں۔ آج کا میچ ملتان کے لیے کم بیک کرنے کا اہم موقع ہے۔
ادھر کراچی میں پی ایس ایل میچز کے ختم ہونے کے بعد شائقین کرکٹ سٹیڈیم سے روٹھے نظر آئے، جس کی وجہ سے ماحول کچھ ماند پڑ گیا ہے۔