ممبئی :مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حالیہ حملے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین اور بعض فلمی تنظیموں نے پاکستانی اداکار فواد خان کی نئی بالی ووڈ فلم ابیر گلال کے بائیکاٹ کا مطالبہ کر دیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کے مطابق، سوشل میڈیا پر کئی صارفین نے اس حملے کو جواز بنا کر فلم پر پابندی کا مطالبہ کیا۔ بعض نے فواد خان کی ماضی کی فلم اے دل ہے مشکل کا حوالہ بھی دیا، جس کی ریلیز سے قبل 2016 میں اڑی حملہ ہوا تھا۔
فلمی تنظیموں نے بھی اس مطالبے کی حمایت کی ہے، تاہم فلم کی ٹیم نے تاحال فلم کو 9 مئی کو شیڈول کے مطابق ریلیز کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔
فواد خان اور ان کی ساتھی اداکارہ وانی کپور اس وقت دبئی میں فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں۔