پاکستانی ماہرین کی کامیابی: 200 انڈے دینے والی نئی مرغی کی نسل تیار

پاکستانی ماہرین کی کامیابی: 200 انڈے دینے والی نئی مرغی کی نسل تیار

فیصل آباد: پاکستانی ماہرین نے ایک بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پولٹری فارمنگ کے شعبے میں نئی مرغی کی نسل تیار کی ہے، جو سالانہ 200 سے زائد انڈے دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ماہرین نے اس نسل کو ’’یونی گولڈ‘‘ کا نام دیا ہے، جو کم خوراک پر پلتی ہے اور شدید موسمی حالات جیسے گرمی کو بھی بخوبی برداشت کرتی ہے۔

یونی گولڈ کی سب سے بڑی خصوصیت یہ ہے کہ یہ عام دیسی مرغی کے مقابلے میں تین گنا زیادہ انڈے دیتی ہے اور خوراک کی کمی کے باوجود بہترین پیداوار فراہم کرتی ہے، جو اسے چھوٹے فارمرز کے لیے انتہائی فائدہ مند بناتی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ مرغی دیہی علاقوں میں پولٹری انڈسٹری کے لیے ایک گیم چینجر ثابت ہو سکتی ہے۔ اس کے ذریعے نہ صرف انڈوں کی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے بلکہ گوشت کی ضروریات بھی پوری کی جا سکتی ہیں۔

یونی گولڈ نسل کی تیاری پاکستان میں گزشتہ چھ دہائیوں کے بعد حاصل ہونے والی ایک اہم کامیابی ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ نے اس نسل کو ملک بھر میں پھیلانے کا عزم کیا ہے تاکہ دیہی معیشت کو فروغ ملے اور مقامی سطح پر پولٹری کی پیداوار میں اضافہ ہو۔