سیلابی پانی کے استعمال پر سندھ کو اعتراض کا کوئی حق نہیں:عظمیٰ بخاری

 سیلابی پانی کے استعمال پر سندھ کو اعتراض کا کوئی حق نہیں:عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری  کا کہنا ہے کہ  دریاؤں میں آنے والے سیلابی پانی کے استعمال پر کسی صوبے کی طرف سے ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں ہے۔ لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کو اپنے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے سندھ کی طرف سے اعتراضات کا سامنا نہیں ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مجوزہ کینالز منصوبے میں صرف سیلابی پانی استعمال کیا جائے گا، تاکہ اس کو ضائع ہونے سے بچایا جا سکے اور اس کا فائدہ اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک کوئی نئی نہر تعمیر نہیں ہوئی، لیکن اس منصوبے پر اتفاق رائے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔ مذاکرات دھمکیوں سے نہیں، بلکہ بات چیت سے آگے بڑھیں گے۔

وزیر اطلاعات نے پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ گزشتہ 16 سال سے سندھ میں اقتدار میں ہیں، لیکن آج تک سندھ کے کسانوں کے مسائل حل نہیں ہو سکے۔ اگر پیپلز پارٹی گمراہ کن بیانات دے گی تو ہم خاموش نہیں رہیں گے اور ہر بیان کا جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے مجوزہ منصوبے کے خلاف سندھ میں احتجاج جاری ہے، جس کے سبب سکھر بائی پاس پر وکلا کا دھرنا سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر کر رہا ہے۔