تورغر:پاکستان میں رواں سال کا ساتواں پولیو کیس خیبر پختونخوا کے ضلع تورغر میں سامنے آیا ہے، جس کے بعد نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) نے پولیو کے خلاف جاری قومی مہم کی اہمیت پر زور دیا ہے۔
نیشنل ای او سی کے مطابق 21 سے 27 اپریل تک جاری اس مہم کے دوران ملک بھر میں 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ حکام نے کہا ہے کہ 5 سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو ہر مہم میں پولیو کے قطرے پلوانا ضروری ہے تاکہ وہ اس خطرناک بیماری سے محفوظ رہیں۔
اس کے علاوہ، بلوچستان کے ضلع مستونگ میں انسداد پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر دہشت گردوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہوگئے۔ حکام کے مطابق، فائرنگ کا یہ واقعہ مستونگ کے علاقے کلی تیری میں پیش آیا۔
نیشنل ای او سی نے اس دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خلاف اس جنگ میں سیکیورٹی فورسز کا کردار انتہائی اہم ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ایسے واقعات پولیو مہم کو متاثر نہیں کرسکتے۔