بلوچستان : مستونگ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ ، سکیورٹی پر مامور 2 لیویز اہلکارشہید

بلوچستان : مستونگ میں پولیو ٹیم پر فائرنگ ، سکیورٹی پر مامور 2 لیویز اہلکارشہید

مستونگ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں دہشتگردوں نے پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور لیویز اہلکاروں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں دو اہلکار شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ یوسی موبی کے علاقے میں پیش آیا، جہاں لیویز اہلکار بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیم کے ساتھ سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی بھی ہوا۔

شہید اور زخمی اہلکاروں کو شہید نواب غوث بخش رئیسانی میموریل ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع مستونگ میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور لیویز اہلکاروں پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ انہوں نے حملے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معصوم جانوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگرد انسانیت کے دشمن ہیں، اور ان کو ہر صورت کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے واقعات حکومت کے پولیو کے خاتمے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ مایوس نہ ہوں، اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے ضرور پلوائیں تاکہ اُن کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔ وزیراعظم نے یقین دہانی کروائی کہ انسداد پولیو مہم ہر صورت مکمل جذبے اور تسلسل کے ساتھ جاری رہے گی۔