اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا کا نوٹس لے کر چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور ان کے ساتھ متعلقہ تمام افسران کو معطل کرتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی خزانے کے سیکڑوں ارب قانونی تنازعات کا شکار ہیں، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی لاپرواہی اور کوتاہی قبول نہیں کروں گا۔
شہبازشریف نے مزید کہا کہ اپنی عوام سے کئے گئے عہد کے تحت ٹیکس نظام میں اصلاحات کی خود نگرانی کر رہا ہوں، ملک و قوم کی ایک ایک پائی بچانے اور محصولات میں اضافے کیلئے دن رات محنت کرنا ہو گی۔
واضح رہے چند روز قبل اسلام آباد میں ایف بی آر کے وکیل کی جانب سے عدالت میں ایسے ہی ایک کیس کی تاریخ میں تاخیر کی استدعا پر وزیرِ اعظم نے نوٹس لیا، وزیرِاعظم نے متعلقہ حکام کو واقعے کی فوری انکوائری کی ہدایت کی تھی۔ اب ٹیکس کیسز میں دانستہ التوا میں ملوث چیف کمشنر ان لینڈ ریونیو اسلام آباد اور ان کے ساتھ متعلقہ تمام افسران معطل کر دیئے۔