لاہور: پنجاب کے نومنتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی حلف برداری آج ہوگی ، حمزہ شہباز سے حلف لینے کے لیے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی لاہور پہنچ گئے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں تقریب حلف برداری کی تیاریاں جاری ہیں ، گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد اس معاملے پر وفاق اور پنجاب حکومت کے درمیان خط و کتابت ہوئی جس کے بعد آج نو منتخب وزیر اعلیٰ حمزہ شہباز کی حلف برداری ممکن ہو رہی ہے ۔
واضح رہے کہ گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے حلف لینے سے انکار کے بعد گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے صدر مملکت کو نمائندہ مقرر کرنے کو کہا تھا ۔ اس سے قبل صدر مملکت عارف علوی کے علیل ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ سے حلف بھی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے لیے تھے ۔
خیال رہے کہ حلف برداری تقریب سے پہلے گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کی طبیعت خراب ہوگئی تھی ۔ انہیں گیسٹرو کی شکایت پر سروسز ہسپتال لے جایا گیا ، جہاں ان کے ٹیسٹ کیے جارہے ہیں ۔ ایم ایس سروسز ہسپتال کے مطابق رپورٹس آنے پر انہیں ہسپتال میں زیرعلاج رکھنے کا فیصلہ کیا جائے گا ۔
پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ خیز اجلاس کے بعد 197 ووٹ لے کر حمزہ شہباز وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے ۔