ہرارے: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی 20 میچ میں قومی ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن تھی اور یہ ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے۔
زمبابوے کے ہاتھوں دوسرے ٹی 20 میچ میں ذلت آمیز شکست کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان میں بابراعظم نے کہا کہ ہم نے جنوبی افریقہ کیخلاف 200 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کیا لہٰذا ہمیں 119 رنز کا ہدف بھی عبور کرنا چاہئے تھا لیکن ہم نے بہت ناقص کرکٹ کھیلی۔
ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹی 20 میچ میں ناصرف مڈل آرڈر نے ناقص کھیل پیش کیا بلکہ ٹیم کے بلے باز وہ کارکردگی دکھانے میں مکمل طور پر ناکام رہے جو وہ ماضی میں دکھاتے آئے ہیں لیکن اس کیساتھ ہی عمدہ کارکردگی دکھانے میں زمبابوے کو مبارکباد کو کریڈٹ دینا چاہئے۔
بابراعظم نے کہا کہ وکٹ کو شکست کی وجہ قرار دینا غلط ہے کیونکہ بطور پروفیشنل کرکٹر ہمیں کنڈیشنز سے مطابقت حاصل کرنا ہوتی ہے، ہمارا مڈل آرڈر پورے میچ میں ہی مشکلات کا شکار نظر آیا تاہم اگلے میچ میں ہم اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ چونکہ رواں سال ٹی 20 ورلڈکپ بھی شیڈول ہے اس لئے ہم اگلے میچز میں بہتر کمبی نیشن بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ ورلڈکپ سے قبل بہترین ٹیم منتخب کر سکیں اور ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھا کر جیت کی جانب بڑھ سکیں۔
واضح رہے کہ زمبابوے نے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان کو 19 رنز کی ذلت آمیز شکست سے دوچار کر کے تین میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ قومی ٹیم زمبابوے کے 119 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں بھی ناکام رہی اور صرف 99 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی۔