وزیراعظم نے فوج کو سڑکوں پر کیوں بلایا؟ فواد چوہدری نے بتا دیا

08:52 PM, 23 Apr, 2021

لاہور: وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور کورونا سے بدترین متاثرہے اور ہم آکسیجن کے استعمال کی 90 فیصد صلاحیت پر پہنچ گئے ہیں جبکہ انتہائی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال پر فوج طلب کی گئی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ملک میں کورونا کی انتہائی تیزی سے بگڑتی صورتحال پر شہروں میں فوج طلب کی ہے تاکہ کورونا ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے، عوام کو چاہئے کہ وہ بھرپور احتیاط کریں کیونکہ اس کے علاوہ اور کوئی چارہ نہیں ہے۔ 
واضح رہے کہ آج وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں مکمل لاک ڈاؤن عائد کرنے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے شہریوں سے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے پاک فوج کی مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ 
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام ایس او پیز پر عمل نہیں کر رہے، ان سے اپیل ہے کہ وہ ماسک کا استعمال کریں تاکہ وباءکے پھیلاؤ کو روکا جا سکے جبکہ پاک فوج سے ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگوں کو ایس او پیز پر عملدرآمد کا کہتے چلے آ رہے ہیں لیکن لوگوں میں کوئی خوف نہیں اور کسی طرح کی بھی احتیاس نہیں کر رہے، اس لئے پولیس اور فورسز کی مدد کیلئے فوج کو بلایا ہے، کورونا سے سب سے بڑی احتیاط ماسک ہے اور اسے پہننے سے آدھا مسئلہ حل ہوجاتا ہے، اس لئے اب ہم پوری طرح زور لگائیں گے کہ ہر شہری ماسک پہنے۔ 
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب تک قوم مل کر وباءکا مقابلہ نہیں کرے گی ہم جیت نہیں سکتے، گزشتہ رمضان سے پہلے جس طرح قوم نے ایس او پیز پر عمل کیا، ویسا اس مرتبہ نہیں کیا جا رہا، شائد گزشتہ سال خوف زیادہ تھا لیکن اب لوگ تھک گئے ہیں مگر یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال گزشتہ سال کی نسبت گمبھیر ہے، اس لئے ہم سختی کریں گے، امید ہے کہ عوام ایس او پیز پر عملدرآمد کریں گے اور ہمیں لاک ڈاؤن نہیں لگانا پڑے گا۔ 

مزیدخبریں