ہرارے: زمبابوے کرکٹ ٹیم نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں پاکستان کو جیت کیلئے 119 رنز کا ہدف دیدیا ہے، زمبابوے کی جانب سے کامونہوکاموی 34 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔
تفصیلات کے مطابق ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو بیٹنگ کی دعوت دی جس نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 118 رنز بنائے۔
کامونہوکاموی نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے جبکہ برینڈن ٹیلر 5، تاڈیوناشی مارومانی 13، مادھیویر 16، ریان برل 3، شکابوا 18، مساکاندا 13، لیوک جونگوی 7، مساکازا صفر، موزارابانی اور انگراوا ایک، ایک سکور کر سکے۔
پاکستان کی جانب سے محمد حسنین سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 4 اوورز میں 19 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی اور دانش عزیز نے 3 اوورز میں 29 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ فہیم اشرف، ارشد اقبال، حارث رﺅف اور عثمان قادر ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کر سکے۔
واضح رہے کہ میچ کیلئے قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں محمد رضوان، فخر زمان، محمد حفیظ، دانش عزیز، آصف علی، فہیم اشرف، عثمان قادر، ارشد اقبال، محمد حسنین اور حارث رﺅف شامل ہیں۔
زمبابوے کی قیادت برینڈن ٹیلر کر رہے ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں تیناشی کامونہو کاموی، ویزلے مادھیویر، تریسائی مساکاندا، تاڈیوناشی مارومانی، ریان برل، ریگس شکابوا، لیوک جونگوی، ویلنگٹن مساکازا، بلیسنگ موزارابانی اور رچرڈ انگراوا شامل ہیں۔