اپوزیشن کا قومی اسمبلی میں ہنگامہ، اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی

11:28 AM, 23 Apr, 2021

اسلام آباد: قومی اسمبلی کا ۤآج ہونے والا اجلاس انتہائی ہنگامہ خیز رہا ۔ایوان میں اپوزیشن کے شور شرابا اور ڈائس کے گھیراؤ کے دوران ہی ڈپٹی  سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دیا۔ آج فرانسیسی سفیر کے معاملے پر پیش کی گئی درخواست پر بحث ہونا تھی، اپوزیشن اراکین نے الزام عائد کیا کہ انھیں بحث کا کوئی موقع ہی نہیں دیا گیا۔

نیو نیوز کے مطابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں ناموس رسالت کے معاملے پر قرارداد پر بحث ہونا تھی تاہم اسے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔

ایوان میں پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے کی اجازت نہ ملنے پر اراکین نے ڈپٹی سپیکر کا گھیراؤ کر لیا۔ ایک رکن نے مطالبہ کیا کہ احسن اقبال کو پوائنٹ آف آرڈر پر بولنے دیا جائے۔ تاہم ڈپٹی سپیکر قاسم سوری وقفہ سوالات پر مصر رہے اور ارکان کو سوالات کی دعوت دیتے رہے۔

پیپلز پارٹی کے ارکان بھی  اجلاس میں شریک ہوئے۔ اپوزیشن ارکان لبیک یارسول اللہ اور تاجدار ختم نبوت ﷺ کے نعرے لگاتے رہے، بعض نے پلے کارڈ بھی اٹھا رکھے تھے۔

 وقفہ سوالات کی کارروائی شروع ہوتے ہی اپوزیشن نے احتجاج شروع کر دیا۔ اس موقع پر ایوان مچھلی منڈی کا منظر پیش کرنے لگا۔ صورتحال دیکھتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دیا۔

مزیدخبریں