نئی دہلی: بھارت میں ایک انتہائی اندوہناک حادثہ پیش آیا ہے جہاں ایک ہسپتال میں آتشزدگی سے انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج 13 مریض جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ اس واقعہ کے بعد پورے ملک میں سوگ کی فضا ہے۔
یہ حادثہ انڈین ریاست مہاراشٹر میں قائم ایک ہسپتال میں آج صبح کے اوقات میں پیش آیا۔ خبریں ہیں کہ اس ہسپتال میں لگ بھگ کورونا کے 100 کے قریب مریض زیر علاج ہیں۔ تاہم ہلاک ہونے والے تمام 13 مریض آئی سی یو میں وینٹی لیٹرز پر تھے۔
آتشزدگی کے واقعہ کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں اور فائر برییگیڈز کی گاڑیوں نے موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کا عمل شروع کیا جبکہ ایمبیولینسوں اور دیگر گاڑیوں کے ذریعے لوگوں کو متاثرہ ہسپتال سے نکال کر دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا تاہم انتہائی نگہداشت وارڈ میں زیر علاج مریضوں کو نہ بچایا جا سکا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پورے بھارت میں 3 لاکھ، 32 ہزار 175 سے زائد کورونا کے نئے مریض سامنے آئے تھے جبکہ 2 ہزار 255 افراد اس وبائی عفریت کی وجہ سے موت کی وادی میں چلے گئے تھے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ لاکھوں کی تعداد میں مریضوں کا سامنے آنا الارمنگ ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا ہے کہ ہندوستان میں عالمی سطح پر سب سے زیادہ مریض سامنے آ رہے ہیں، انڈین گورنمنٹ کو چاہیے کہ وہ صحت عامہ کے تحفظ کیلئے ضروری اقدامات اٹھائے ورنہ صورتحال گھمبیر ہو سکتی ہے۔ بھارت میں کورونا وائرس کے کیسوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ انڈیا عالمی وبا کو عالمی سطح پر پھیلانے کا مرکز بنتا جا رہا ہے، اسی لئے برطانیہ سمیت دیگر ممالک نے اس کے شہریوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔