رمضان المبارک میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، صدر مملکت

رمضان المبارک میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ، صدر مملکت
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ رمضان المبارک کے دوران گھروں میں عبادت کریں اور کورونا وائرس سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔


تفصیلات کے مطابق ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ علماء کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کی پہلے سترہ نکات صحت کے حوالے سے ان حفاظتی اقدامات کو واضح طور پر اجاگر کرتے ہیں جن پر رمضان المبارک میں نماز اور تراویح کے دوران عمل کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جن احتیاطی تدابیر کے اپنانے پر اتفاق رائے طے پایا ہے وہ آفاقی ہیں اور کسی بھی ادارے، فیکٹری کے کام کرنے یا لوگوں کے درمیان عوامی یا نجی سطح پر رابطے کی بنیاد ہیں۔

صدر نے کہا کہ ان احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد آئمہ مساجد، مسجد کمیٹیوں، ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومتوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

انہوں نے معاہدے کے نکتہ نمبر انیس کو بھی اجاگر کیا جس میں کہا گیا ہے کہ مساجد اور امام بارگاہوں میں صرف صحت کے حوالے سے ضابطہ کار پر سختی سے عمل کرتے ہوئے باجماعت نماز اور تراویح پڑھنے کی مشروط اجازت دی گئی ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ اگر کورونا وائرس سے صورتحال خراب ہوتی ہے یا اگر ضابطہ کار پر من و عن عملدرآمد نہیں کیا جاتا تو معاہدے کا نکتہ نمبر بیس حکومت کو باجماعت نماز اور تروایح کے حوالے سے فیصلے پر نظرثانی کرنے کا اختیار دیتا ہے۔