لاہور: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے جاری اعلان کے مطابق ملک بھر میں کہیں بھی چاند دیکھنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، اس لیے پاکستان میں یکم رمضان المبارک کا آغاز 25 اپریل بروز ہفتہ سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ، 1441 ہجری کے رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جس کی صدارت مفتی منیب الرحمان نے کی، اس میں تمام مکاتب فکر کے علما بھی شریک ہوئے جبکہ پورے پاکستان میں زونل کمیٹیوں کے بھی اجلاس ہوئے۔
اجلاس میں وزارت سائنس وٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات، وزارت مذہبی امور، سپارکو اور نیوی کے حکام بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں ملک بھر سے رمضان کے چاند کے حوالے سے شہادتیں اکٹھی کی گئیں۔
کراچی میں منعقد ہونے والے مرکزی رویت کمیٹی کے اجلاس میں چاروں صوبوں سے ماہ صیام کا چاند نظر نہ آنے کی شہادتیں اکھٹی کرنے کے بعد فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں یکم رمضان المبارک 25 اپریل بروز ہفتہ کو ہوگا۔