بھارتی حکومت کی مسلمانوں کیخلاف امتیازی پالیسیوں پر تشویش ہے، پاکستان

07:08 PM, 23 Apr, 2020

اسلام آباد:  پاکستان نے انتہا پسند ہندو تنظیم راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے زیر اثر بھارتی حکومت کی مسلمانوں کیخلاف امتیازی پالیسیوں اور اقدامات پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔


تفصیلات کے مطابق ، دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے آج اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں اس امر پر افسوس ظاہر کیا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا سے درپیش مسئلے کے باوجود بھارت کی جانب سے یہ پالیسیاں جاری ہیں۔

انہوں نے کہا یہ بات افسوسناک ہے کہ بھارت میں منظم مسلم کش مہم جاری ہے جسے نظر انداز کرنے سے ان پر بلوائیوں کے حملے کے خطرے میں اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اسلامی تعاون تنظیم نے بھی سیاسی ذرائع ابلاغ کے حلقوں اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر مسلمانوں اور اسلام کیخلاف منفی جذبات میں اضافے پر گہری تشویش ظاہر کی ہے جہاں بھارتی مسلمانوں کو کوروناوائرس کے پھیلائو پر مورد الزام ٹھہرایا جا رہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا حوالہ دیتے ہوئے ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ وادی میں بے بنیاد اور من گھڑت الزامات پر صحافیوں پر تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھی تشویش ہے۔

مزیدخبریں