اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کورونا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے، اس صورتحال میں ہم سب کو یکجا ہونے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق، احساس ٹیلی تھون کی خصوصی نشریات سے خطاب اور مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے وزیراعظم نے سمندر پار پاکستانیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں ملک کی مدد کی۔ ہم مستحق لوگوں کے لیے پیسے اکٹھے کر رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی راہ میں دینے والا کبھی خسارے میں نہیں رہتا۔ جو وقت آگے آ رہا ہے ہم سب کو یکجا ہونا ہوگا۔ یہ ایسا وائرس ہے جو بڑی تیزی سے پھیلتا ہے۔
گزشتہ رات ڈونلڈ ٹرمپ کیساتھ اپنے ٹیلی فونک گفتگو جے بارے میں بتاتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ امریکی صدر بھی اب سمارٹ لاک ڈاؤن کی بات کر رہے ہیں، اتنی بڑی اکانومی ہونے کے باجود انھیں ڈر ہے کہ اگر صورتحال ایسی ہی رہی تو کہیں ان کی معیشت نہ بیٹھ جائے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کچھ نہیں کہہ سکتے اگر مکمل لاک ڈاؤن بھی کر دیں تو کورونا ختم ہو جائے گا، اب ہمیں سمارٹ لاک ڈاؤن کی طرف جانا پڑے گا، اس کی وجہ سے ہر جگہ پر لوگ متاثر ہیں۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ احساس پروگرام جیسا شفاف کوئی بھی پروگرام نہیں ہوا، اب تک 13 کروڑ لوگوں نے اس پروگرام میں اپلائی کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہاحساس پروگرام میں سب سے زیادہ پیسہ سندھ میں دیا گیا۔ احساس پروگرام کی پوری تیاری کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بارہ ہزار روپے مکمل تصدیق کے بعد دیئے جاتے ہیں، اس پروگرام میں کوئی سیاسی مداخلت نہیں ہے۔ پاکستان میں 75 فیصد مزدور رجسٹرڈ ہی نہیں، ان تک پہنچنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کچی بستیوں میں حالات بہت زیادہ برے ہیں۔ سندھ حکومت نے ایک دم کرفیو ٹائپ لاک ڈاؤن کردیا حالانکہ میں پہلے دن سے کہہ رہا تھا کہ ہمیں لاک ڈاؤن بیلنس کرنا ہے۔