کورونا وائرس طویل عرصے رہے گا، عالمی ادارہ صحت

10:20 AM, 23 Apr, 2020

واشنگٹن: دنیا میں 26 لاکھ 22 ہزار افراد کورونا وائرس سے متاثر ہیں جبکہ ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 82 ہزار سے زیادہ ہے۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈراس نے خبردار کیا ہے کہ یہ وائرس ایک طویل عرصے تک ہمارے ساتھ رہے گا،مغربی یورپ میں تو وبا کے پھیلاؤ میں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے لیکن افریقہ، مشرقی یورپ، وسطی اور جنوبی امریکہ میں اس حوالے سے پریشان کن اشاریے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ کہ کسی غلط فہمی میں نہ رہیں، ابھی ایک طویل دورانیہ باقی ہے، یہ وائرس ایک طویل عرصے تک ہمارے ساتھ رہے گا، چین نے امریکی ریاست میسوری کی جانب سے کورونا وائرس پھیلانے کے مقدمہ کی مذمت کرتے ہوئے اسے مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان ژینگ شوانگ نے بدھ کے روز بریفنگ میں کہا کہ اس قانونی کارروائی کی کوئی حقیقت پسندانہ اور قانونی بنیاد نہیں ہے، اس وباء کا آغاز ہونے کے بعد سے چین نے شفاف اور ذمہ دارانہ اندازمیں وبا کو روکنے کے اقدامات کیے۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر اورحکومت کو اس طرح کی تکلیف دہ قانونی چارہ جوئی کو مسترد کرنا چاہیے، ادھر امریکا میں 2750 مزید اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 45 ہزار اور متاثرین کی تعداد 8 لاکھ سے زائد ہو گئی۔

ریاست نیویارک میں 257125 کیسز ہیں اور یہاں مجموعی 18821 افراد ہلاک ہوئے ہیں، برطانیہ میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 763 افراد ہلاک ہونے کے بعد ملک میں کل اموات کی تعداد 18100 ہو گئی ہے، اٹلی میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 437 اموات ہوئی ہیں جس سے کل اموات 25085 ہلاکتیں ہو چکی ہیں، اسپین میں اب تک 21282 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق رمضان المبارک میں کرفیو میں نرمی کر دی جائے گی، صبح 9 سے شام 5 بجے تک باہر نکلنے کی اجازت ہو گی، بحرینی حکومت کی جانب سے جاری لاک ڈاؤن کے دوران عوامی و تفریحی مراکز پر عائد پابندیوں میں 7 مئی تک توسیع کر دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں