لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم قومی جذبے سے سرشار انگلینڈ سیریز اور کرکٹ ورلڈ کپ 2019 میں شرکت کے لیے لاہور سے براستہ دبئی لندن کے لیے روانہ ہو گئی۔
17 رکنی ٹیم سرفراز احمد کی زیر قیادت ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔ ٹیم کا حصہ بننے والوں میں فخر زمان، امام الحق، محمد حفیظ، شعیب ملک، عماد وسیم شامل ہیں۔ حسن علی، محمد عامر، جنید خان، یاسر شاہ، محمد حسنین بھی ٹیم کے ساتھ روانہ ہوئے۔ عابد علی، بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی جبکہ ورلڈ کپ مقابلوں کا آغاز 30 مئی سے ہو گا۔ ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان 30 مئی کو اوول میں کھیلا جائے گا۔
پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ ویسٹ انڈیز کیخلاف 31 مئی کو کھیلے گی۔ پاکستان کا روایتی حریف انڈیا کے ساتھ مقابلہ 16 جون کو ہو گا جبکہ ورلڈ کپ 2019ء کا فائنل میچ 14 جولائی کو کھیلا جائے گا۔