مشہور زمانہ ساحلی علاقے دو دریا میں فوڈ اسٹریٹ کی بندش

مشہور زمانہ ساحلی علاقے دو دریا میں فوڈ اسٹریٹ کی بندش
کیپشن: فوٹو بشکریہ فیس بک

کراچی :کراچی کے مشہور زمانہ ساحلی علاقے دو دریا فوڈ اسٹریٹ بند ہونے والی ہے اور یہاں پر ممکنہ طور پر بلند رہائشی اور کمرشل عمارتیں تعمیر کی جائیں گی۔

ڈیولز پوائنٹ کہلانے والا یہ ساحلی پوائنٹ کچھ سال پہلے فوڈ اسٹریٹ میں تبدیل ہوگیا تھا اور یہاں کئی معروف ریسٹورینٹس موجود ہیں۔

مزیداطلاعات کے مطابق ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) کی جانب سے دودریا پر قائم فوڈ اسٹریٹ کے ریسٹورینٹس کو 2 ماہ میں کاروبار سمیٹنے کا نوٹس دے دیا گیا ہےاوریہ بھی  کہا گیا ہے کہ وہ جون سے قبل ریسٹورینٹس بند کردیں۔

ڈی ایچ اے کی طرف سے نوٹس ملنے کے بعد 17 میں سے تین ریسٹورینٹس بند بھی ہوچکے ہیں اور ان کی ملکیت ڈی ایچ اے نے واپس بھی لے لی ہے۔

ڈی ایچ اے کی جانب سے ریسٹورینٹس مالکان کو زمین لیز پر دی گئی تھی اور 2 برس قبل بھی ڈی ایچ اے نے مالکان کو نوٹسز جاری کیے تھے جس کے بعد یہ معاملہ عدالت میں چلا گیا تھا۔

ریسٹورینٹس کے مالکا ن کا کہناہے کہ ان کے پاس اب بھی عدالت کا حکم امتناع موجود ہے تاہم ڈی ایچ اے نے انہیں جون سے پہلے ریسٹورنٹس خالی کرنے کا نوٹس دے دیا ہے۔

ریسٹورینٹس مالکان کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے میں عدالت سے رجوع کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ دو دریا کراچی کا مشہور ترین پکنک اور فوڈ پوائنٹ ہے جہاں ملک بھر سے اور بیرون ملک سے آنے والے لوگ بھی ایک بار ضرور آتے ہیں۔