حید ر آباد: مظفرگڑھ کے علاقے جتوئی میں جعلی عاملہ نے دم کرنے کے بہانے4 ماہ کے بچے کو یر غمال بنا لیا ،بے ہوشی کا انجکشن لگاکر مبینہ طور پر بچے کو فروخت کردیا۔
جعلی عاملہ نےوالدین سے کہاکہ بچہ اللہ کے پاس چلاگیا، گائے یا بچھڑا لے آؤ تو زندہ ہوجائے گا۔والدین پولیس کو بلا لے آئے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بچہ برآمد کرکے عاملہ اور اس کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا۔
مظفرگڑھ کی تحصیل علی پور کا امام بخش نامی شخص اپنے 4 ماہ کے بیمار بچے عمرفاروق کو دم کرانے کے لیے تحصیل جتوئی کے علاقے جھگی والا میں مسرت نامی عاملہ کے پاس لایا ، عاملہ نےبچےکے ورثاء کو اپنے حجرے سے باہر انتظار کرنے کے لیے بھیجا اور بچے کو بے ہوشی کا انجکشن لگاکر غائب کردیا۔
دو گھنٹے تک بچہ باہر نہ آیا تو ورثاء تشویش میں مبتلا ہوگئے اور حجرے میں گئے تو بچہ غائب تھا، ورثاء نے عاملہ سے بچے کے بارے میں دریافت کیا تو عاملہ نے ورثاء کو یہ کہہ دیا کہ ان کا بچہ غائب ہوگیا ہے اور اسکے تجویز کردہ عمل کےبعد ہی واپس آئیگا۔
ورثاء نے پولیس تھانہ جتوئی کو اطلاع دی، ایس ایچ او تھانہ جتوئی رمضان شاہد کے مطابق جعلی عاملہ مسرت اور اسکے شوہر وزیرکو گرفتار کیاگیا اور ان کی نشاندہی پر ایک اتائی ڈاکٹر محمدعلی کے گھر سے بچےکو برآمدکرلیاہے۔
ایس ایچ او کے مطابق پولیس کو شبہ ہے کہ عاملہ نے بے اولاد ڈاکٹر کے ہاتھوں بچے کو فروخت کیا تھا، پولیس نے ڈاکٹر کو بھی حراست میں لےلیا ہے جس سے تفتیش کی جارہی ہے۔