پنجاب کسی کی خالہ جی کا گھر نہیں ، کل جس نے بھی قانون کو توڑا ہے اس سے سختی سے نمٹیں گے:عظمیٰ بخاری

 پنجاب کسی کی خالہ جی کا گھر نہیں ، کل جس نے بھی قانون کو توڑا ہے اس سے سختی سے نمٹیں گے:عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری  نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے   کہا کہ کل جس نے بھی قانون کو توڑا ہے اس سے سختی سے نمٹیں گے، پنجاب کسی کی خالہ جی کا گھر نہیں ہے، کسی قانون توڑنے والے کو نہیں چھوڑیں گے، کل پی ٹی آئی کی قیادت نے پنجاب حکومت کی رٹ کو تسلیم کیا تھا۔


 
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کو  قانون پر عمل درآمد کروانا آتا ہے، پولیس والوں کی بات آپ نہیں مانتے، آپ تو دھمکیاں دیتے ہیں۔ علی امین نے کے پی کے اتنے سارے پیسے کیوں لگا دیے؟

انکا کہنا تھا کہ گنڈاپور نے کہا ’کل میں بیانیہ دوں گا‘، بیانیہ تو کل جلسہ میں دینا تھا، کل جس نے بھی قانون کو توڑا، سب سے قانون سختی سے نمٹے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب میں قانون موجود ہے، سیاست قانون میں کرنی ہوگی، یہ لوگ سیاست نہیں کرتے دہشتگرد ہیں، بدمعاشوں کی بدمعاشی نکالنی آتی ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مریم نواز نے کل پی ٹی آئی کی لیڈرشپ کو ایکسپوز کیا، ہم نے کہا تھا سی ایم ان کو موقع نہیں دیں، مریم نواز نے کہا ان کو آنے دو، یہ ایکسپوز ہوں گے، ہم سب غلط ثابت ہوئے، مریم نواز اکیلی صحیح ثابت ہوئیں۔


 
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ لاکھوں کا جلسہ ہوتا تو یہ اس طرح نہیں بھاگتے، انقلاب دو پولیس والوں کی مار تھا، 2 پولیس والے کل کنٹینر پر گئے، چپ چاپ جلسہ ختم کیا۔ کل عوام نے فتنہ فساد کو مسترد کردیا۔

انہوں نے کہا کہ لاہور کے ترقیاتی کاموں کیلئے 125 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر کوئی گلی محلہ کچا نہیں رہے گا، شہریوں کو مریم نواز کی کارکردگی پر یقین ہے۔ 



 
صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور اور پنجاب ہمارا فخر اور غرور ہے، کل کوئی ریلی نہیں نکلی، کہیں لوگ اکٹھے ہو کر جاتے ہوئے نہیں دیکھے گئے۔ پنجاب کے سر پر نواز شریف کی پگڑی اور شہباز شریف کا ہاتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اسرائیلیوں کا حمایتی ہیں وہ ان کو ماننے کو تیار تھے، اخبار نے لکھا بانی پی ٹی آئی اسرائیل کے لیے ہم خیال سیاستدان ہے، اخبار نے لکھا ٹرمپ یا بانی پی ٹی آئی آجائے تو اسرائیل کے حالات بہتر ہوسکتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ زلفی بخاری نے 2020 میں برطانیہ کے پاسپورٹ پر اسرائیل کا دورہ کیا تھا۔