نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف سے اقوام متحدہ (یو این) جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروسی نے ملاقات کی اور پاکستان کے ساتھ بھر پور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کیلئے موجود وزیر اعظم شہباز شریف سے سائڈ لائن پر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر سابا کوروسی نے ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں جامع اصلاحات ہونی چاہئیں، بین الحکومتی مذاکرات تمام ملکوں کی توقعات کے مطابق تعمیری اورشفاف ہونے چاہئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سیلاب کی شکل میں اپنی سب سے بڑی قدرتی آفت کا سامنا ہے، یہ تباہی پاکستان کی وجہ سے نہیں، اس پر دنیا کی حمایت کے مستحق ہیں۔
صدر جنرل اسمبلی نے پاکستان کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا اور پاکستان کے ساتھ بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں دنیا کو پاکستان کی بھرپور مدد کرنا ہو گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ (یو این) جنرل اسمبلی کے صدر کو مسئلہ کشمیر، افغانستان کے معاملات اور اسلاموفوبیا سے بھی آگاہ کیا۔