یواے ای: پاکستانیوں کیلئے وزٹ ویزا سروس مکمل بحال

09:04 PM, 22 Sep, 2021

ابوظہبی :  متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزا سروس مکمل بحال کر دی ہے. اب 35 سال سے کم عمر پاکستانیوں کو بھی ویزے جاری کئے جائیں گے.

نیو نیوز کےمطابق دبئی میں موجود ٹریول ایجنٹس اور ٹریول اینڈ ٹورازم کمپنیوں نے تصدیق کی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی گزشتہ ایک ماہ سے سست روی کا شکار ویزا سروس اب بحال کر دی گئی ہے. پاکستانی اب دبئی اور ابوظہبی کا ویزا آسانی سے حاصل کرسکتے ہیں.

واضح رہے کہ کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پر 35 سال سے کم عمر پاکستانیوں کو وزٹ اور سیاحتی ویزے جاری نہیں کیے جا رہے تھے تاہم اب اس غیر اعلانیہ پابندی کو اٹھا لیا گیا ہے.

وزٹ ویزا کیلئے شرائط

1. مسافروں کو روانگی سے 48 گھنٹے کے دوران کوویڈ 19 پی سی آر ٹیسٹ منظور شدہ لیبارٹری سے کرانا ہوگا جس کی فیس 6500 روپے ہے، یہ مصدقہ لیبارٹریز ٹیسٹ رپورٹ کے ساتھ کیو آر کوڈ بھی جاری کرتی ہیں. کیو آر کوڈ کے بغیر جاری کی گئی ٹیسٹ رپورٹ کو یو اے ای قبول نہیں کرتا.

2. مسافر ایئرپورٹ کے اندر روانگی سے چھ گھنٹے قبل پہنچیں، ایئرپورٹ کے اندرکوویڈ 19 ریپڈ ٹیسٹ ہوگا جس کی فیس 5000 روپے ہے. ریپڈ ٹیسٹ کی سہولت اب پاکستان کے تمام ایئرپورٹس کے اندر فراہم کر دی گئی ہے اسکی رپورٹ عموما 2 گھنٹے بعد مل جاتی ہے. تاہم رش کی وجہ سے ضروری ہے کہ مسافر چھ گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچیں.

3. دبئی ایئرپورٹ پہنچنے پر مسافروں کا دوبارہ پی سی آر ٹیسٹ ہوگا جس کی کوئی فیس نہیں ہے. دبئی آنے والے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی کوئی شرط نہیں . پی سی آر ٹیسٹ کے بعد آپ ایئرپورٹ سے باہر جا سکتے ہیں اور ٹیسٹ رپورٹ گھر پہنچا دی جاتی ہے. اگر یہ ٹیسٹ رپورٹ کرونا پازیٹیو آ جائے تو جس گھر میں آپ ہوں وہیں قرنطینہ کر دیا جاتا ہے.

4. فیڈرل اتھارٹی برائے شناخت و شہریت (آئی سے اے) سے رجسٹریشن کیو آر کوڈ حاصل کرنا ہوگا جس میں آمد کی تاریخ و دیگر معلومات کا اندراج کیا جاتا ہے.

پاکستان میں بیشتر ایئرلائنز نے یو اے ای کے لیے فلائٹس آپریشن شروع کر دیے ہیں. پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ، ایئربلیو، امارات ایئرلائن، اتحاد ایئرویز، سرین ایئرلائن سمیت کئی کمپنیوں نے پروازیں شروع کر دی ہیں. ٹکٹ تقریبا ایک لاکھ روپے میں مل رہا ہے.

مزیدخبریں