پنجاب میں کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی لیکن ڈینگی نے سر اٹھا لیا، یاسمین راشد

08:00 PM, 22 Sep, 2021

لاہور: وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے پنجاب میں ڈینگی کے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ میں کمی آئی  لیکن اب ڈینگی نے سر اٹھا لیا ہے۔

فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا کہ ڈینگی کے اب تک 700 سے زائد مریض سامنے آ چکے ہیں اور لاہور میں سب سے زیادہ ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومت میں صحت کے شعبے میں 50 فیصد اسامیوں پر تعیناتیاں نہیں ہوتی تھیں۔  حکومت نے ہسپتالوں کو وافر بجٹ فراہم کیا ہے اور فیصل آباد کے ٹیچنگ اسپتالوں کیلئے 9 ارب روپے کا بجٹ منظور کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ 24 گھںنٹوں میں پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 47 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی تعداد 27 ہزار 374 ہو گئی ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران ملک بھر میں 51 ہزار 139 کورونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2 ہزار 333 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 4 ہزار 641 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ۔

این سی او سی کی رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 12 لاکھ ، 30 ہزار 238 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4.56 فیصد رہی ۔

مزیدخبریں