چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین تعاون اور ہم آہنگی ناگزیر ہے، آرمی چیف

07:15 PM, 22 Sep, 2021

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا مستقبل کی جنگی پیچیدگیوں اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین تعاون جبکہ انضمام اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سپہ سالار نے جدید ترین سنٹر آف انٹیگریٹڈ ایئر ڈیفنس بیٹل مینجمنٹ افتتاح کر دیا، کمانڈر آرمی ایئر ڈیفنس کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان خان نے بریفنگ دی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ایئر ڈیفنس جنگی انتظام کے طریقہ کار، مرکز کی کارکردگی کے بارے میں بتایا گیا اور پاک آرمی ایئر ڈیفنس جدید ترین، انتہائی درست اور مہلک ہتھیاروں سے لیس ہے۔ جدید مرکز، ائیر ڈیفنس جنگ میں اعلی کمان سے انفرادی سطح پر بہترین ہم آہنگی کو تقویت دے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مرکز ہتھیاروں کے نظام کے مابین مطابقت پذیری، موثر اور مربوط ماحول فراہم کرے گا، مرکز میں موجود سیمولیٹر کمپلیکس متحرک منظرناموں کو پیش کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سپہ سالار نے آپریشنل تیاری پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا گیا جبکہ پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مرکز، ایئر ڈیفنس جنگ کی تازہ ترین پیچیدگیوں، چیلنجز کے مطابق تشکیل اور تیاری میں معاون ہے، پاک فوج کے ایئر ڈیفنس نے گزشتہ سالوں میں غیر معمولی ترقی کی، پاک فوج کا ایئر ڈیفنس نظام ملکی فضائی سرحدوں کے ہمہ وقت تحفظ کے لیے تیار ہے، ایئر ڈیفنس، دشمن کی کسی بھی مہم جوئی سے نمٹنے کے لیے مہلک نظام ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ مستقبل کی جنگی پیچیدگیوں، چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بہترین تعاون، انضمام اور ہم آہنگی ناگزیر ہے۔

مزیدخبریں