وزیراعظم کے کہنے پر بھی کام نہ ہوتو پھر سمجھ لیں کہ بات آگے کی ہے، راشد لطیف

04:27 PM, 22 Sep, 2021

کراچی: قومی ٹیم کے سابق کپتان  وکٹ کیپر راشد لطیف نے کہا ہے کہ جس ملک کا وزیراعظم بھی کوشش کرے اور کام نہ ہو تو  پھرسمجھ لیں کہ یہ بہت آگے کی بات ہے۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور ہیڈ کوچ عاقب جاوید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق کپتان قومی ٹیم راشد لطیف کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز نے اندرون سندھ بھی کیمپ لگائے، اگر کوئی اچھا کام کرے گا تو ہم ساتھ کھڑے ہیں، سندھ سے بے پناہ ٹیلنٹ سامنے آیا ہے، شاہ نواز دھانی، زاہد محمود اور نعمان علی اپنی مدد آپ کے تحت سامنے آئے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم کی جانب سے دورہ منسوخ کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے راشد لطیف کا کہنا تھا نیوزی لینڈ کی واپسی اور انگلینڈ کے انکارکے بعد پاکستان کی کرکٹ بہت پیچھے چلی گئی ہے، جس ملک کا وزیراعظم بھی کوشش کرے اور کام نہ ہو تو سمجھ لیں یہ بہت آگے کی بات ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کا ہائی پرفارمنس سینٹر پی سی بی کے ہائی پرفارمنس سینٹر سے بہترہے، اسلام آباد میں ایسا ہی ایک سینٹر بنانے پر کام کر رہا ہوں۔

راشد لطیف کا کہنا تھا نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے کے لیے گراؤنڈ بنانے ہوں گے، اب بھی وہی گراؤنڈز ہیں جو ماضی میں تھے، دنیا کہاں سے کہاں چلی گئی ہم صرف باتیں کرتے ہیں۔
 

مزیدخبریں