نیوزی لینڈ کا دورہ کیوں منسوخ ہوا؟ پاکستان نے ثبوت دنیا کے سامنے پیش کردیئے

01:43 PM, 22 Sep, 2021

اسلام آباد: پاکستان نے نیوزی لینڈ کی ٹیم کو ملنے والی تھریٹس سے پردہ اٹھاتے ہوئے اس کے تمام ثبوت دنیا کے سامنے پیش کر دیئے ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ طاقتور ایجنسی اور طاقتیں اس کے پیچھے ہیں۔

اسلام آباد میں وزیر داخلہ شیخ رشید کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چودھری نے تمام تفصیلات سے میڈیا کو آگا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہائبرڈ وار اور ففتھ جنریشن وار کا سامنا ہے۔ فیک نیوز کے کھیل ریاستیں کھیل رہی ہیں لیکن لوگوں کو لگتا ہے فیک نیوز سے فرق نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ 19 اگست 2021ء کو احسان اللہ احسان کے نام سے فیس بک پر پوسٹ بنائی گئی، اس پر لکھا گیا نیوزی لینڈ ٹیم آئی تو حملہ کیا جائے گا۔ اس فیک پوسٹ پر ابھی برطانوی اخبار کے ساتھ منسلک ایک بھارتی نژاد صحافی ابھینندن مشرا نے آرٹیکل لکھا۔ اسی صحافی کے امر اللہ صالح کے ساتھ تعلقات ہیں جس کی پاکستان دشمنی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہے۔

فواد چودھری نے بتایا کہ 24 اگست کو مارٹن گپٹل کو ایک ای میل ملتی ہے جس میں دھمکی دی گئی کہ انھیں پاکستان میں قتل کر دیا جائے گا، یہی ای میل بعد ازاں ان کی اہلیہ کو بھی بھیجی گئی۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر وار فیئر قائم کیا گی، بھارت سے ٹویٹس کی گئیں۔ اس خبر کے آنے تک وزیراعظم عمران خان کی تقریر ہونے والی تھی لیکن اس سے پہلے پیغام ملا کہ نیوزی لینڈ ٹیم دورہ منسوخ کر رہی ہے۔ مشورہ کیا یہ خبر ابھی وزیراعظم کو تقریر سے پہلے نہیں دیتے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ جو سمجھتے ہیں نیوزی لینڈ ٹیم جانے سے پاکستان تنہا ہو جائے گا وہ غلطی پر ہیں، پاکستان کو کوئی تنہا نہیں کرسکتا۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔ ایک دن آئے گا جب تمام انٹرنیشنل ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔

شیخ رشید نے کہا کہ نیوزی لینڈ دورہ منسوخی پر کہا تھا اب انگلینڈ ٹیم بھی نہیں آئے گی، اب آسٹریلیا کو بھی جعلی تھریٹ ای میل جائے گی۔

مزیدخبریں