ممبئی: 1998ء میں ریلیز بالی ووڈ کی مشہور فلم '' کچھ کچھ ہوتا ہے'' ہے میں ثناء سعید نامی ایک چائلڈ ایکٹریس نے انجلی کا کردار ادا کیا تھا جس نے فلم کو چار چاند لگا دیئے تھے۔
ثناء سعید نے اس فلم میں بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی بیٹی کا رول نبھایا تھا۔ جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ میں کاجول اور رانی مکھرجی بھی شامل تھیں۔ کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بننے والی اس فلم کے لوگ اب بھی دیوانے ہیں اور اس کا شمار بالی ووڈ کی مشہور فلموں میں ہوتا ہے۔
موسیقار جوڑی جیتن للت کے گانے آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں۔ اس فلم کے گانے الکا یاگنک اور ادت نارائن نے گائے تھے۔
اس فلم کی ننھی منی اداکارہ ثناء سعید '' انجلی'' کی بات کی جائے تو آج ان کی سالگرہ ہے۔ ثناء سعید 22 ستمبر 1988ء کو بھارت کے شہر ممبئی میں پیدا ہوئی تھیں۔ فلم کچھ کچھ ہوتا ہے میں اداکاری نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا لیکن اس کے بعد انہوں نے چند فلمیں کیں لیکن ان میں انھیں کامیابی نہ مل سکی۔
ثناء سعید نے اپنی پڑھائی مکمل کرکے ماڈلنگ کے میدان میں قدم رکھا، تاہم وہ اب بھی اداکاری کے ذریعے سکرین کی زین بنتی رہتی ہیں۔
انڈین اداکارہ ثناء سعید سوشل میڈیا کے پلیٹ فارمز انسٹاگرام، ٹویٹر اور فیس بک پر بھی کافی سرگرم ہیں اور اپنی ویڈیوز، تصاویر شیئر کرتی رہتی ہیں۔
انہوں نے متعدد ٹیلی ویژن شوز میں بھی بطور چائلڈ آرٹسٹ کام کیا۔ انہوں نے مشہور ڈراموں سلونی کا سفر، ساتھ پھیرے، کہیں تو ہوگا، ایک پیارا سا بندھن، کمکم، کڈس، فاکس، سسرال گیندا پھول، سجن گھر جانا ہے، لو ہوگئی پوجا اس گھر کی اور ’بابل کا آنگن چھوٹے نا میں بھی کام کیا۔
اداکار ثناء سعید نے 2015ء میں ریلیز کی گئی کرن جوہر کی اور مشہور فلم ’ سٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ سے بطور بالغ اداکارہ ڈیبیو کیا۔ اس فلم کے ذریعے سدھارتھ ملہوترا، ورون دھون اور عالیہ بھٹ نے بھی فلمی میدان میں قدم رکھا تھا۔