نیو نیوز کی سینئر ٹیم کیلئے ترکی میں سات روزہ تربیتی ورکشاپ جاری  

09:35 AM, 22 Sep, 2021

استنبول: نیو نیوز کی سینئر ٹیم کے لیے ترکی میں سات روزہ تربیتی ورکشاپ جاری ہے۔ ورکشاپ کا مقصد میڈیا انڈسٹری کو درپیش چیلنجز سمیت کارکردگی بہتر بنانے کے حوالے سے امور کا جائزہ لیتے ہوئے مستقبل کے لیے لائحہ عمل طے کرنا ہے۔ ورکشاپ میں نئی بات میڈیا نیٹ ورک کے انٹرٹینمنٹ سمیت دیگر چینلز کی لانچنگ کی خصوصی منصوبہ بندی کی گئی۔

چئیرمین نئی بات میڈیا نیٹ ورک پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن کے زیر نگرانی جاری اس ورکشاپ میں پاکستان میں صحافت کے جدید رجحانات کو متعارف کروانے سمیت اعلیٰ اخلاقی اقدار کی ترویج جیسے موضوعات پر دنیا بھر میں رائج اصولوں کے مطابق تربیتی کورس ترتیب دیا گیا ہے۔

ورکشاپ کے کوچ پروفیسر ڈاکٹر چوہدری عبدالرحمن نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہ تربیت اور اپنی کوتاہیوں کا جائزہ لیے بغیر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کامیابی کے لیے ضروری ہے کہ ٹیم بن کر کام کیا جائے اور باہمی روابط سمیت ادارے کی ترقی کے لیے ایک دوسرے کا دست و بازو بنا جائے۔

انہوں نے کہا کے نیو نیوز پاکستانیوں کی حقیقی آواز ہے اور ہمارا مقصد پاکستانی معاشرہ کو اعلی اخلاقی اقدار کے پیغام کے ذریعے تبدیل کرنا ہے۔۔ورکشاپ جمعرات چوبیس ستمبر تک ترکی کے شہر استنبول میں جاری رہے گی۔

مزیدخبریں