نیویارک: طالبان قیادت نے اقوام متحدہ میں سہیل شاہین کو اپنا سفیر نامزد کرنے کیلئے عالمی ادارے کو خط لکھا ہے۔ خیال رہے کہ سہیل شاہین طالبان کے ترجمان کی حیثیت میں کافی عرصہ سے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس سلسلے میں طالبان کے وزیر خارجہ عامر خان متقی کی جانب سے یو این سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کو خط لکھ کر سہیل شاہین کی بطور سفیر نامزدگی کی درخواست کی گئی ہے۔
اس خط کی تصدیق اقوام متحدہ کے ترجمان فرحان حق نے کی ہے۔ خیال رہے کہ افغانستان میں اشرف غنی حکومت کے خاتمے سے قبل غلام اچکزئی اقوام متحدہ میں سفارتکاری کی ذمہ داریاں نبھا رہے تھے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ طالبان کی جانب سے خط کے ذریعے کی گئی درخواست کو کمیٹی کے اراکین جن میں امریکا، چین اور روس سمیت 9 ارکان شامل ہیں، کے پاس بھجوا دیا گیا ہے۔ اس معاملے پر کمیٹی کا اجلاس جلد متوقع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ طالبان وزیر خارجہ عالمی رہنماؤں سے خطاب کریں گے یا نہیں۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی جانب سے اگر طالبان کے سفارتکار بارے درخواست کو منظور کر لیا جاتا ہے تو یہ عالمی سطح پر سخت گیر اسلامی گروپ کو تسلیم کرنے کی جانب پہلا قدم ہوگا۔ اس سے ناصرف دنیا سے طالبان کا رشتہ استوار ہوگا بلکہ بھاری فنڈز بھی ملنے کی توقع ہے جس کی افغانستان کی مردہ معیشت کو ان دنوں بہت ضرورت ہے۔
خط بارے بات کرتے ہوئے ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ طالبان قیادت نے اپنے خط میں واضح کر دیا ہے کہ اچکزئی اب افغانستان کی نمائندگی نہیں کریں گے کیونکہ ان کی جگہ سہیل شاہین کو نامزد کر دیا گیا ہے۔