اپوزیشن جماعتوں نے اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق کر لیا، فضل الرحمان کا دعویٰ

11:42 PM, 22 Sep, 2020

کراچی: مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر سے بڑا دعویٰ کر کے پاکستان کی سیاست میں ہلچل مچا دی۔جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے درمیان پہلی بار اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق ہوا ہے. مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اپوزیشن جماعتوں میں اسمبلیوں سے استعفوں پر اتفاق ہو گیا ہے لیکن اب طریقہ کار اور وقت کا تعین ہونا باقی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ قوم کو اپوزیشن کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ سے امید نظر آ رہی ہے جبکہ ہم ملک کو سیاسی اور معاشی بحران سے نکالیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کل ہونے والی رہبر کمیٹی کے اجلاس میں اپوزیشن کی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوں گے اور ہم اس حکومت کو نکال کر عوام کی حکومت لائیں گے۔

نیب کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کی تذلیل کے لیے نیب جیسے ادارے بنائے جاتے ہیں جبکہ نیب ظالم ادارہ ہے اور اس سے انصاف کی توقع نہیں۔

واضح رہے کہ مولانا فضل الرحما موجودہ حکومت کے آغاز سے ہی اپوزیشن پر اسمبلیوں سے استعفے دینے پر زور دیتے رہے ہیں۔

مزیدخبریں