نواز شریف کی طرف سے فوج کیخلاف اعلان جنگ ملک دشمنی کی بدترین مثال ہے، پرویز الہیٰ

06:42 PM, 22 Sep, 2020

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہے۔ نواز شریف کی تقریر ملک دشمنی کی بدترین مثال تھی۔

چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا تھا کہ ڈان لیکس والی ٹیم پارٹی پر حاوی ہو چکی ہے اور ثابت ہو گیا کہ لیگی قائد آج بھی بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے اپنے ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ فوج پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہے جبکہ پاک فوج آئینی ادارہ ہے اور اس آئینی حیثیت میں وہ حکومت کے ساتھ جو تعاون کرتا ہے وہ بھی آئینی عمل ہے۔

چودھری پرویز الہیٰ نے کہا کہ نواز شریف اس آئینی عمل کی مخالفت کر کے آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں جو قابل افسوس اور قابل مذمت بھی ہے۔ انہوں نے انھیں مشورہ دیا تھا کہ وہ کام نہ کریں جو سربراہ ایم کیو ایم نے کیا تھا۔ نواز شریف ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انکے انجام کو بھی اپنے ذہن میں رکھیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہی نے کہا کہ ابھی کچھ ہی دن پہلے آرمی چیف نے بھارت کے خطرناک عزائم کو بھانپتے ہوئے پاکستان کی بہادر فوج کو بھی جنگی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم اس دوران نواز شریف کی طرف سے اپنی ہی فوج کے خلاف اعلان جنگ ملک دشمنی کی بدترین مثال ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے نواز شریف کے فوج دشمن بیان پر شادیانے بجائے اور نواز شریف کو ہاتھوں ہاتھ لیا ہے۔

مزیدخبریں