لاہور :کمسن ملازمہ ثنا کو تشدد کر کے قتل کرنے کے الزام میں ملزمان مالکان کو بچی کے لواحقین نے معاف کر دیا ۔
ملزمہ ڈاکٹر حمیر ا اور اسکے شوہر پر کمسن ملازمہ ثنا کو تشدد کر کے قتل کر نے کا الزام تھا ،کمسن ملازمہ کے والدین نے اللہ کی رضا کی خاطر ملزمان کو معاف کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں کمسن گھریلو ملازمہ ثنا قتل کیس کی سماعت اس وقت بڑی پیش رفت سامنے آئی جب ایڈیشنل سیشن جج عمران شفیع نے مقتولہ کے لواحقین کے بیانات کو قلمبند کیا جس میں انہوں نے کہا کہ اللہ کی رضا کی خاطر ملزمان کو معاف کرتے ہیں ،ملزمہ ڈاکٹر حمیرا اور اسکے شوہر کے خلاف تھانہ چوہنگ پولیس نے مقدمہ درج کررکھا تھا۔ دونوں ملزمان پر کمسن ملازمہ ثناء کو تشدد کرکے قتل کرنے کا الزام تھا۔ ان کی ضمانتیں پہلے ہی منظور ہوچکی ہیں۔
مالکان کا کہنا تھا کہ بچی تین دن پہلے سیڑھیوں سے گرکر زخمی ہوگئی تھی لیکن وہ اسے اسپتال لے جانے کی بجائے گھر پر ہی اس کا علاج کرتے رہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پتہ چلا تھا کہ بچی کے جسم پر تشدد کے بے شمار نشانات تھے۔
رواں سال جنوری میں لاہور میں چوہنگ کے علاقے میں 15 سالہ گھریلو ملازمہ ثناء کو تشدد کے بعد قتل کردیاگیا تھا جس کے قتل کے الزام میں پولیس نے مالکن ڈاکٹر حمیرا اور اس کے شوہر جنید کو حراست میں لیا تھا۔