چلاس میں مسافر کوچ چٹان سے ٹکرا گئی،26 افراد جاں بحق

چلاس میں مسافر کوچ چٹان سے ٹکرا گئی،26 افراد جاں بحق

چلاس: مسافر کوچ کے چٹان سے ٹکرانے کے باعث 26 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق سکردو سے راولپنڈی جانے والی مسافر کوچ حادثے کا شکار ہوگئی ہے،ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ مسافر کوچ کے چٹان سے ٹکرانے کے باعث پیش آیا ہے۔

مسافر کوچ دیا مر میں سرٹاپ کے قریب حادثے کا نشانہ اس وقت بنی جب ڈرائیور موڑ کاٹنے کی کوشش کررہا تھا۔ علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق مسافر کوچ کی رفتار تیز تھی۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ادارے کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچ گئی ہے جو نعشوں کی منتقلی کے امور انجام دے رہے ہیں۔

زخمیوں کی فوری طور پر ہسپتال منتقلی کے بھی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں متعلقہ عملہ علاج معالجے میں مصروف ہے۔

ڈی ایچ کیو ہسپتال چلاس میں فوری طور پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ علاقائی انتظامیہ کے افراد بھی موقع پر پہنچ چکے ہیں۔