بھارتی آرمی چیف کسی سیاسی جماعت کے آلۂ کار نہ بنیں، فواد چوہدری کا ردِ عمل

08:50 PM, 22 Sep, 2018

اسلام آباد: وفاقی وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے بھارتی آرمی چیف کے شر پسندانہ بیان پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا نے دیکھ لیا، کون امن اور کون جنگ کا خواہاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اطلاعات نے بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کے بیان کے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنگی جنونیت کو مسترد کرتا ہے۔

فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سب جانتے ہیں کہ بھارت میں انتخابات ہونے والے ہیں، پاکستان پر الزام تراشی کا مقصد نریندر مودی پر استعفے کے دباؤ کو کم کرنا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہم نے امن کے لیے ہاتھ آگے بڑھایا تھا، ہم اب بھی امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے، پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں، جنگ نہیں ہوسکتی، پاکستان اور بھارت کے مسائل کا واحد حل مذاکرات ہیں۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ بھارتی حکمران انتخابات میں فائدے کے لیے پاکستان مخالف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، مودی کا چہرہ فرینچ جیٹ کرپشن میں سامنے آ گیا ہے، مودی بھارتی عوام کی توجہ کرپشن اسکینڈل سے ہٹانا چاہتا ہے۔

مزیدخبریں