لاہور:اے این پی سربراہ اسفند یار ولی نے کہا کہ ڈیم الگ اور کالاباغ الگ چیز ہے ،ہم ڈیموں کے خلاف نہیں ،اگرکالاباغ ڈیم کے معاملے پرآرٹیکل 6 لگایاجاتاہے تولگالیں،ہم مخالفت کریں گے ۔
تفصیلات کے مطابق اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی وفد کے ہمراہ جاتی امراپہنچے جہاں انہو ں نے نواز شریف سے ملاقات کی اور ان کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات پر اظہار تعزیت کی-
انہوں نے کہا کہ میاں صاحب سے سیاسی موضوع پر بات نہیں ہوئی ہم فاتحہ پر جاتے ہیں تو دنیاوی باتیں نہیں کرتے ،بیگم کلثوم نوازکے جنازے میں شریک نہیں ہوسکا،پورے ملک کو کلثوم نواز کے کردار پرفخر ہے،کلثوم نواز نے ڈٹ کر پرویز مشرف کا مقابلہ کیا،ایسی خواتین نے اپنی جدوجہد سے معاشرے میں مخصوص مقام حاصل کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے پوچھیں اختیارات نہیں تو وزیراعظم کیوں بنے،عمران خان کومنتخب وزیراعظم تسلیم نہیں کرتا،سلیکٹڈوزیراعظم سمجھتاہوں،میں ہوتا تو اختیارات کے بغیر وزیراعظم نہ بنتا،اللہ کرے تناوختم ہو اور صرف انتقال اقتدار نہ ہو ، انتقال اختیارات ہو ،جس دن سے خان صاحب سیاست میں آئے ہیں سیاست سے شائستگی ختم ہوگئی ہے ،کوئی مہذب ملک ایسانہیں جہاں کوئی پیداہواوراسے شناختی کارڈ نہ ملے ،جو زبان رکھتے ہیں انہیں اسمبلی میں آنے نہیں دیاگیا،جو بے زبان تھے انہیں اسمبلی میں لے آئے ہیں۔
اسفند یار ولی نے صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کے کردار کیلیے میاں صاحب کا ہونا بہت ضروری ہے ،مضبوط جمہوریت کیلیے ن لیگ کا کردارضروری ہے-