اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر طے شدہ پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات ملتوی ہونے پر دکھ اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے منفی اور تکبرانہ رویے سے دکھ ہوا،مذاکرات کی بحالی کی پیشکش پر بھارت نے منفی ردعمل دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات منسوخ ہونے پر وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے امن مذاکرات کی بحالی کیلئے بھارت کو دعوت دی لیکن انہوں نے اسے ٹھکرادیا، مجھے بھارت کے منفی اور متکبرانہ رویے سے مایوسی ہوئی۔
عمران خان نے مزید کہا بھارت کی جانب سے امن مذاکرات کی پیشکش ٹھکرا کر چھوٹے پن کا اظہار کیا گیا ’ میں نے ساری زندگی ایسی چھوٹے لوگوں کو دیکھا ہے جو بڑے دفاتر پر قبضہ جمائے ہوئے ہوتے ہیں لیکن ان میں وسیع پیمانے پر سوچنے اور مستقبل بینی کی صلاحیت نہیں ہوتی‘۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے بھارتی ہم منصب نریندرا مودی کو خط لکھ کر پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تجویز پیش کی تھی جسے قبول کرلیا گیا تھا تاہم بھارت نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پرشیڈول کی گئی ملاقات منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
بھارت کے دفتر خارجہ کی جانب سے ملاقات کی منسوخی کے اعلان میں نہ صرف غیر سفارتی زبان استعمال کی گئی بلکہ وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے بھی ناشائستہ الفاظ کا استعمال کیا گیا ہے۔