ابوظہبی:سپر فور کے پاکستان بمقابلہ افغانستان پہلے میچ میں آخری اوور کروانیوالے افغانستان کے باﺅلر آفتاب عالم پاکستان کی جیت پر روپڑے جس پرپچ پر موجود پاکستانی بلے بازوں نے اعلیٰ ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ان کوحوصلہ دیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز پاکستان اور افغانستان کے درمیان ہونے والے ایشیا کپ کے سپر فور کے سنسنی خیز میچ کے آخری اوور میں شعیب ملک کے ہاتھوں چھکا اور چوکا کھانے والے افغان باﺅلر آفتا ب عالم پھوٹ پھوٹ کر رو پڑے جن کو بعدازاں آل راﺅنڈر شعیب ملک اور حسن علی نے حوصلے دیتے ہوئے چپ کروانے کی کوشش کی ۔
شکست پر دلبرداشتہ ہوجانے والے افغان باﺅلر آفتاب عالم کی دل جوئی کرنے کے انداز نے بھی مداحوں کے جیت لیے۔ہوا کچھ یوں کے میچ میں شکست کے بعد جہاں پوری افغان ٹیم دلبرداشتہ ہوئی، وہیں ایک باﺅلرآفتاب عالم نے پچ پر ہی بیٹھ کر پھوٹ پھوٹ کر بچوں کی طرح رونا شروع کردیا، جس پر شعیب ملک ان کے پاس گئے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں چپ بھی کروایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوگئی۔
میچ کے بعد شعیب ملک نے افغان ٹیم کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ دن بدن اچھی کارکردگی دکھا رہے ہیں اور ان کی فیلڈنگ، باﺅلنگ اور بیٹنگ سب بہترین ہوچکی ہے۔
شعیب ملک کا مزید کہنا تھا کہ اس بات سے انکار نہیں کہ افغانستان نے بہت محنت کی اور پاکستان کو ٹف ٹائم بھی دیا لیکن ہار جیت کھیل کا حصہ ہے۔
شعیب ملک نے جیت کا کریڈٹ پوری پاکستانی ٹیم کو دیا اور کہا کہ مجھ سے پہلے اگر نواز یا حسن چھکے نہیں لگاتے تو شاید مشکل ہوجاتی۔شعیب ملک کا فاتح چھکا اور جیت کے بعد افغان باﺅلر کو حوصلہ دینے کے اقدام کو مداحوں نے قابل ستائش قرار دیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ 2018، سپر فور کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں پاکستان نے افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی تھی۔