ایونکا ٹرمپ کی ناسا کی سیر، خلا بازوں سے خوب خوش گپیاں

11:36 AM, 22 Sep, 2018

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی صاحبزادی ایونکا ٹرمپ نے امریکی خلائی ایجنسی ناسا کی سیر کی جہاں وہ خلابازوں سے خوب خوش گپیوں میں مصروف رہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایونکا ٹرمپ جو کہ اس وقت امریکی صدر کی مشیر کے طور پر بغیر معاوضہ فرائض سر انجام دے رہی ہیں وہ ہمیشہ سے خلا باز بننے کی متمنی رہی ہیں۔

گزشتہ روز امریکی خلائی ادارے ناسا کے دورے کے دوران انہوں نے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر خلا بازوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’ آپ لوگ اس وقت وہ کام کر رہے ہیں جس کو کرنے کا میں نے ہمیشہ خواب دیکھا تھا۔ میں ایک خلا باز بننا چاہتی تھی۔ انہوں نے خلا بازوں کا ان کی خدمات پر شکریہ بھی ادا کیا ۔

انہوں نے اپنے سوشل میڈیا پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ میرا خواب پورا ہوا۔ میں نے ناسا کی سیر کی ہے اور وہاں موجود نئی ٹیکنالوجیز دیکھیں اور خلائی طالب علموں سے ملاقات کی۔

انہوں نے مزید ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی باصلاحیت ٹیم سے مل کر بہت خوشی ہوئی۔ایونکا نے خلائی اسٹیشن پر موجود اسپیس سوٹ دیکھ کر انتہائی خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے وہاں مختلف انداز میں تصویریں بھی بنوائیں۔

مزیدخبریں