ایشیا کپ:پاکستان کی افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست،ڈی جی آئی ایس پی آر کی مبارکباد

ایشیا کپ:پاکستان کی افغانستان کو 3 وکٹوں سے شکست،ڈی جی آئی ایس پی آر کی مبارکباد
کیپشن: تصویر بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر اکاؤنٹ

ابو ظہبی: تجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک کی ناقابل شکست نصف سنچری کی بدولت ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان نے افغانستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد تین وکٹوں سے شکست دے دی۔

پاکستان کی افغانستان کیخلاف فتح کے بعد ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے بھی قومی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو بہت بہت مبارک ہو۔۔۔ افغانستان کی ٹیم نے بھی بہت اچھا کھیل پیش کیا۔۔۔“۔

قبل ازیں ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا تاہم فخر پہلے ہی اوور بغیر کوئی رن بنائے ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔اس کے بعد امام الحق اور بابر اعظم نے پاکستانی اننگز کو استحکام فراہم کیا اور دونوں کے درمیان 154 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی۔

امام الحق 80 رنز بناکر رن آﺅٹ ہوگئے۔امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد بابر اعظم بھی 66 رنز بناکر جلد آؤٹ ہوگئے جبکہ حارث سہیل بھی صرف 13 رنز ہی بناسکے۔کپتان سرفراز احمد 8، آصف علی 7 اور محمد نواز 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم دوسرے اینڈ پر تجربہ کار شعیب ملک چٹان کی طرح کھڑے رہے۔


پاکستان کو آخری اوور میں 10 رنز درکار تھے۔ پہلی بال مس کرنے کے بعد شعیب ملک نے اگلی گیند پر پہلے چھکا اور پھر چوکا لگاکر پاکستان کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد فتح سے ہمکنار کروایا۔افغانستان کی جانب سے راشد خان نے تین، مجیب الرحمان نے دو جبکہ گلبدین نائب نے ایک پاکستانی کھلاڑی کو پویلین لوٹایا۔

اس سے قبل افغانستان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مڈل آرڈر بلے باز حشمت اللہ شاہدی کے 97 رنز کی بدولت اپنی اننگز میں 257 رنز بنائے۔پاکستان کے ابتدائی گیند بازوں کی نپی تلی بولنگ کے باعث افغانستان کے اوپنرز نے اپنی ٹیم کو سست آغاز فراہم کیا اور 31 رنز پر اس کی دو وکٹیں گرگئیں۔

اس موقع پر حشمت اللہ شاہدی اور رحمت شاہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 63 رنز کی شراکت فراہم کی۔ رحمت شاہ 36 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔بعدازاں اصغر افغان اور حشمت اللہ شاہدی کے درمیان شاندار 94 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کی بدولت افغانستان کی پوزیشن مضبوط ہوگئی۔اصغر 67 رنز بناکر آؤٹ ہوئے تاہم حشمت اللہ کی جانب سے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رہا۔

دیگر افغان بلے بازوں نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کے ساتھ مل کر پاکستانی بولرز کے خلاف گراؤنڈ کے چاروں طرف شاٹس لگائے۔حشمت اللہ نے 97 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستانی فیلڈرز نے بھی افغانستان ٹیم کی بھرپور مدد کرتے ہوئے چار آسان کیچ ڈراپ کردیے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے تین، شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ حسن علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔میچ وننگ اننگز کھیلنے پر شعیب ملک کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

تصویر بشکریہ پی سی بی ٹوئٹر اکاؤنٹ

دوسری جانب سپر فور مرحلے کے ایک اور میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔بھارت نے بنگلہ دیش کی جانب سے دیا گیا 174 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کر لیا۔بھارت کی جانب سے روہت شرما نے 83 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ شیکھر دھون نے 40 رنز بنائے اور مہندرا سنگھ دھونی نے بھی 33 رنز سکور کیے۔بنگلہ دیش کی جانب سے مشرفی مرتضیٰ، شکیب الحسن اور روبیل حسین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔