جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے میں ہمیں کوئی نقصان ، نہ کرنے پر کوئی فائدہ نہیں, رانا ثنا ء اللہ

10:54 PM, 22 Sep, 2017

نیوویب ڈیسک

لاہور:  صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ سانحہ ماڈل ٹائون پر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے میں ہمیں کوئی نقصان نہیں ہے اورنہ کرنے پر کوئی فائدہ بھی نہیں،  25ستمبر کو فل بنچ کے سامنے کیس کی سماعت ہے اگر ایسا کوئی حکم آیا تو رپورٹ کو پبلک کردیا جائے گا۔

نجی ٹی وی سے گفتگو   کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا   کہ جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ کو پبلک کرنے میں کوئی عار نہیں لیکن کسی غیر قانونی حکم کو تسلیم نہیں کریںگے۔ یہ مسلمہ اصول ہے کہ جب کوئی معاملہ فل بنچ کے سامنے زیر سماعت ہوتو سنگل بنچ کوئی بھی فیصلہ نہیں دے سکتا ۔ اس متعلق مختلف درخواستیں زیر سماعت تھیں جنہیں چیف جسٹس نے یکجا کر کے لارجر بنچ تشکیل دیا اور اس کی 25ستمبر کو سماعت ہے اور جوبھی فیصلہ آئے گا اسے تسلیم کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ایک معاملہ لارجر بنچ میں زیر سماعت ہواورایک سنگل بنچ ایک طرف سے درخواست پکڑے اور دوسرے فریق کو سنے بغیر ہی فیصلہ دیدے ہمیں جسٹس باقر نجفی کی رپورٹ پبلک کرنے میں کوئی نقصان اورنہ کرنے میں کوئی فائدہ بھی نہیں ۔

مزیدخبریں