باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نہ ملنے پر عوامی تحریک کا مظاہرہ

08:59 PM, 22 Sep, 2017

لاہور : پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں ،کارکنان اور شہدائے ماڈل ٹاؤن کے ورثاء نے جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ نہ دینے پر سول سیکرٹریٹ کے باہر ہوم سیکرٹری کے رویے کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا اور رپورٹ دینے کا مطالبہ کیا۔ دھرنے میں خواتین اور بچے بھی بڑی تعدادمیں شامل تھے۔

اطلاعات کے مطابق پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور وکلاء کے ہمراہ سپیشل ہوم سیکرٹری احمد رضا سرور کو ان کے دفتر میں ملے اور عدالت کے تصدیق شدہ حکم نامے کی کاپی ان کے حوالے کی۔سپیشل ہوم سیکرٹری نے کاپی وصول تو کی مگر رپورٹ دینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا کہ ہوم سیکرٹری آفس میں نہیں ہیں۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ ہوم سیکرٹری آفس میں نہیں ہے لیکن ہوم سیکرٹری کا دفتر تو کام کررہا ہے اور یہ عدالت کا حکم ہے اس پر عمل ہونا چاہیے تاہم ہوم سیکرٹری کے آفس نے عدالتی حکم کی روشنی میں رپورٹ دینے سے انکار کیا ۔


عوامی تحریک کے کارکنان خواتین اور بچے سارا دن سول سیکرٹریٹ کے باہر جسٹس باقر نجفی کمیشن کی رپورٹ دئیے جانے کا مطالبہ کرتے رہے۔ نماز جمعہ بھی کارکنوں نے سول سیکرٹریٹ کے باہر سڑک پرادا کی۔ عوامی تحریک کے کارکن گوشہباز گو کے نعرے لگاتے رہے ،شدید حبس اور گرمی کے باوجود خواتین اور بچے سارا دن سڑک پر بیٹھے رہے اور اس امر کا عہد کیا کہ ہم رپورٹ لے کر ہی اٹھیں گے تاہم بعدازاں عوامی تحریک کی کور کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہوم سیکرٹری پنجاب کے خلاف توہین عدالت دائر کی جائیگی اور آئندہ کی حکمت عملی اور قانونی جدوجہد کا اعلان پیرکو کیا جائے گا۔

مزیدخبریں