کوئٹہ :پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مالک ندیم عمر کا کہنا ہے کہ سر ویوین رچرڈز کے فرنچائز چھوڑنے کی بات غلط ہے، وہ تاحیات فرنچائز کے رکن رہیں گے ۔
ایک بیان میں ندیم عمرنے اس تاثر کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ سر ویوین رچرڈز کوئٹہ گلیڈیئٹر خاندان کا حصہ رہیں گے ، جو ایک بار خاندان میں شامل ہو جائے اسے چھوڑ دینا ہماری تربیت کے خلاف ہے، سر ویوین رچرڈز عظیم کھلاڑی ہیں ، ہم خوش قسمت ہیں کہ ان کا ساتھ میسر آیا اور اس بات پر ہمیشہ فخر رہے گا۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل 3کے آغاز سے قبل یہ خبریں زیر گردش تھیں کہ کیون پیٹرسن کو گلیڈی ایٹرز کا مینٹور بنایا جاسکتا ہے اور سر ویوین رچرڈز کا فرنچائز کے ساتھ کردار ختم ہوجائیگا۔ ویسٹ انڈیز کے لئے 50 ٹیسٹ اور 105 ون ڈے میچوں میں بطور کپتان کھیلنے والے سر ویوین رچرڈز پی ایس ایل کے دونوں ایڈیشنز میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے وابستہ رہے اور بحیثیت مینٹور ان کے کردار کو ہر طرف سے خوب سراہا گیا۔