وزیر خارجہ خواجہ آصف کی سشما سوراج سے غیر رسمی ملاقات

12:06 PM, 22 Sep, 2017

نیو یارک: نیو یارک میں وزیر خارجہ خواجہ آصف نے سارک وزارتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان سارک چارٹر اور اصولوں پر عملدرآمد کیلئے پر عزم ہے اور پاکستان علاقائی چیلنجز پر قابو پانے کیلئے سارک کو بہترین پلیٹ فارم تصور کرتا ہے۔ اس دوران وزیر خارجہ نے بھارتی ہم منصب سشما سوراج سے ملاقات کی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے بتایا کہ کہ سشما سوراج سے ان کی ملاقات غیر رسمی تھی جس میں انہوں نے سشما سوراج سے ان کے گردے کی تبدیلی اور صحت سے متعلق دریافت کیا۔ اس کے علاوہ کوئی قابل ذکر بات نہیں ہوئی۔

دوسری جانب وزیر خارجہ خواجہ آصف کی روسی ہم منصب سرگی لاروف سے بھی ملاقات ہوئی جس میں باہمی تعلقات اور خطے کی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ دونوں لیڈروں نے افغانستان میں قیام امن کیلئے تجاویز پر بھی بات چیت کی۔ سرگی لاروف نے خواجہ آصف کو ماسکو کے دورہ کی دعوت دی اور کہا کہ آئندہ بین الحکومتی کمیشن تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی روابط بڑھانے کی راہ تلاش کرے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں